5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب زدہ گلگت بلتستان میں خوراک و ادویات بحران شدید ہوگیا
جنگ نیوز -
اسکردو . . . . . . . گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث تمام رابطہ پل اور سڑکیں بہہ گئیں ہیں جس کے باعث تمام اضلاع کا نہ صرف آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہے بلکہ یہ علاقے ملک کے دیگر علاقوں سے بھی کٹ گئے ہیں کے باعث ان علاقوں میں خوراک اور ادویات کے بحران نے شدت اختیار کرلی ہے۔ حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کے باعث گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت،اسکردو، دیامر،غذر،استور ،گانچھے اورہنزہ نگر میں تمام رابطہ پل اور سڑکیں مکمل تباہ ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے تمام اضلاع کا آپس میں اور ملک کے دیگر علاقوں سے گزشتہ بائیس روز سے زمینی رابطہ کٹ چکاہے،جس کی وجہ سے ان علاقوں میں خوراک،ادویات اور پٹرولیم مصنوعات کی شدیدقلت ہے۔گلگت میں مقامی افراد نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیاہے جس کے باعث سیلاب سے تباہ حال متاثرین فاقے کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔دوسری جانب ملک کو گلگت بلتستان اور چین سے ملانے والی شاہراہ قراقرم بھی لینڈ سلائڈنگ کے باعث گزشتہ کئی دنوں سے بند ہے جس کی وجہ سے اسکردومیں خوراک کی شدیدقلت ہے۔گزشتہ دوہفتوں سے بندگلگت اسکردوروڈ کو آج چھوٹی گاڑیوں کیلئے کھول دیاگیاہے جبکہ اسکردو استور روڈ کی بحالی کیلئے کام شروع کردیاگیاہے۔تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے باعث متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں شدید مشکلات کا سامناہے۔