5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پانی کے بہاؤ کا درست ریکارڈ دستیاب نہیں، وزیراعلیٰ سندھ
جنگ نیوز -
شہدادکوٹ…وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شہدادکوٹ اور قبو سعید خان سمیت پورے علاقے کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کی ہر قیمت پر کوشش کی جائے گی کیونکہ یہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا انتخابی حلقہ ہے، اور اس انتخابی حلقے سے پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں اور کارکنوں سمیت ملک بھر کے جمہوریت پسند عوام کو لگاوٴ ہے۔ وہ شہدادکوٹ میں سیلاب کی صورتحال اور حفاظتی بندوں کا جائزہ لینے کے لئے مختصر دورے پر آنے کے بعد مقامی صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں صرف سکھر اور گڈو کے درمیان 37لاکھ افراد سیلاب کی تباہ کاریوں کا نشانہ بنے ہیں جبکہ املاک سمیت چالیس ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔یہ قدرتی آفت ہے تاہم ہم اپنے صوبے کے عوام کی مشکلات اور مسائل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اسی مقصد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سیلاب سے بچاوٴ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہدادکوٹ ،میروخان،سجاول اور قبو سعید خان شہروں کے بیرونی حصے میں حفاظتی بند تعمیر کرنے کی تجویز پر عمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں حفاظتی بندوں کی تعمیر کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کی سفارشات پر مناسب فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔اس موقعے پر صوبائی وزیر میر نادر مگسی نے نقشوں کی مدد سے سیلابی پانی سے ممکنہ نقصان پہنچانے کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ ان تجاویز پر عملی جامہ پہنانے کے لئے دو کروڑ روپے فراہم کریں ۔جبکہ ڈی سی او یاسین شر اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایریگیشن شجاع ودھو نے وزیراعلیٰ کو سیلاب کی موجودہ صورتحال اور حفاظتی بندوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے علاقے کا فضائی معائنہ کرکے سیلاب اور حفاظتی بندوں کا جائزہ لیا۔