5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاک فوج نے6 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا،آئی ایس پی آر
جنگ نیوز -
راولپنڈی… ملک بھر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد پاک فوج کاریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور پاک فوج نے سیلاب زدہ علاقوں سے اب تک 6 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے اپنے کوٹے میں سے 11سو30ٹن راشن متاثرین میں تقسیم کیا ہے۔آرمی انجینئرز نے چکدرہ پل، بشام اورا سکردو جانے والی سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔ پاک فوج کی طرف سے لاہور سے ڈی جی خان،لیہ،راجن پور،کوٹ ادو اور خیبرپختونخوا کے لیے 90ٹن امدادی سامان بھجوادیا گیا۔ سوات کے علاقے باغ ڈھیری سے ساخرہ کے درمیان رابطہکیلئے رسی کا ایک پل تعمیر کرلیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں نوشہرہ کلاں اور سیاس منڈی کے علاقوں میں 87ہزار لیٹر صاف پانی شہریوں کو فراہم کیا گیا۔ پاک فوج کے انجینئرز نے مظفر گڑھ ڈیرہ غازی خان روڈ کوکھول دیا ہے،ترجمان کے مطابق جنوبی پنجاب میں پاک فوج سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر 90سے زائد ریلیف کیمپ چلا رہی ہے جہاں روزانہ سوٹن راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں پاک فوج کے دستوں نے اب تک 7 ہزار سے زائد لوگوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات تک منتقل کیاہے۔