5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب سے متاثر ہ کاشتکاروں کے زرعی قرض معاف کیا جائینگے، نذر گوندل
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی وزیر خوراک وزراعت نذر محمد گوندل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کی تصدیق کے بعد سیلاب سے متاثر ہونے والے کاشتکاروں کے زرعی قرض معاف کیا جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں نئی فصلوں کے لئے کاشت کار کو بیج، کھاد اور ادویات کا ریلیف پیکیج دیا جائیگا۔ سیلاب زدہ افراد کو ابھی 20 فیصد تک سنبھال سکے ہیں، صدر اور وزیراعظم سمیت پوری کابینہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ سیلاب سے پاسکو کے ذخائر میں گندم کا ایک دانہ بھی ضائع نہیں ہوا، جبکہ پنجاب کی 25 ہزار ٹن گندم ضائع ہوئی ہے۔ اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خوراک و زراعت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران سیلاب کی صورتحال اور سیلاب سے زراعت کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ سیلاب صورت حال پر بحث کیلئے قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے۔ جبکہ وفاقی حکومت سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت کی بحالی کیلئے حکمت عملی مرتب کرے۔