5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
چینلز کی نشریات روکنا قابل سزا جرم ہے،چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جیو نیوز اور اے آر وائی کی بندش کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران رمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینلز کی نشریات روکنا قابل سزا جرم ہے۔ پیمرا رکارڈ کے مطابق ورلڈ کال کا لائسنس سلمان تاثیر کے نام پر ہے جب کہ جسٹس خلیل الرحمان رمدے کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق کسی کیبل آپریٹر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ ایک منٹ کے لیے بھی چینل کی نشریات بند کر سکے چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس خلیل الرحمان رمدے اور جسٹس غلام ربانی پر مشتمل بینچ نے نیوز چینلز کی بندش کے خلاف آئینی درخواستوں کی سماعت کی ۔ درخواست گذاروں کے وکیل اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ 13اگست کو عدالتی کارروائی کے حوالے سے سرکاری ٹی وی پر مباحثے میں عدالتی کارروائی پر تنقید کی گئی حالانکہ سرکاری ٹی وی کے چیر مین سیکرٹری اطلاعات بھی اس دن عدالت میں موجود تھے ۔عدالت نے اکرم شیخ کو پروگرام کا ریکارڈ عدالت مین پیش کرنے اور سیکریٹری اطلاعات کو اس بارے رپورٹ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جب کہ کیبل آپریٹرز کے وکیل خالد انور نے موقف اختیار کیا کہ بر منگھم واقعہ کی خبر نشر ہونے کے بعد نشریات بند کرنے کے لیے کیبل آپریٹروں کو دھمکیاں دیں گئیں کیبل آپریٹر عدالت سے تحفظ چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کیبل آپریٹر حکومت ،پیپلز پارٹی اور پھر سب سے زیادہ عدالت سے ڈرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر حملہ جمہوریت کی بنیادوں پر حملہ ہے آزاد میدیا کے بغیر جمہوریت کا تصور ممکن نہیں جیو نیوز اس حوالے سے عظیم خدمات انجام دے رہا ہے اور اسے تحفظ دیا جانا چاہیے۔ حکومت نے موجودہ کیبل لائسنس منسوخ کر کے لائسنس اپنے لوگوں کو دینے کا منصوبہ بنایا ہے ان کا کہنا تھا کہ پیمرا تمام برائیوں کی جڑ ہے اور حکومت کے کہنے پر سیاست کی جارہی ہے اس موقع پر ایدشنل اٹارنی جنرل کے کے آغا نے کہا کہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے پیمرا نے نشریات بند کرنے والے کیبل آپریٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے جسٹس خلیل الرحمان رمدے کا کہنا تھا کہ جو بھی زمہ دار ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور قانون حرکت میں آئے گا۔ چیر مین پیمرا نے اعلی ترین عدالت کے سامنے غلط بیانی کی ہے سزاوار افراد کو جیل بھیجا جائے گا ۔ عدالت نے خالد انور کی درخواست پر آئندہ سماعت 24اگست تک ملتوی کرتے ہوئے چاروں چیف سیکرٹریوں اور پولیس سربراہوں کو جامع جواب داخل کرنے کا حکم دیا اور ورلڈ کال ،کراچی کیبل ، میڈیا پلس اور سٹی کمیونیکیشن کو کمپنی پروفائل لائسنس کی تجدید سمیت تمام متعلقہ ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ پیمرا رکارڈ کے مطابق ان چاروں کیبل آپریٹرز کے لائسنس عدالت مین پیش ہونے والے کیبل مالکان کے نام پر نہیں تھے ۔