تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کے جذبہ آزادی کونہیں دبا سکتا، علی رضا سید

جنگ نیوز -
پیرس . . . رضا چوہدری . . . کشمیریوں کی طرف سے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منایاجانا اس بات کی علامت ہے کہ بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کے جذبہ آزادی کونہیں دباسکتا۔ ان خیالات کااظہار کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے یہاں جنگ سے گفتگو میں کیا۔ انھوں نے پندرہ اگست کو کشمیریوں کے طرف سے بڑے پیمانے پر دنیاکے مختلف ملکوں میں یوم سیاہ منائے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کوئی زیرنہیں کرسکتااور بھارت زیادہ دیر تک کشمیرپر قبضہ برقرارنہیں رکھ سکتا،بھارت کا قبضہ غیرقانونی ہے اور ایک نہ ایک دن یہ قبضہ ختم ہوکررہے گا۔ علی رضاسید نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں آئے دن کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ابھی حال ہی میں دو مزیدنوجوانوں ارشاد احمدلاٹواکو انت ناگ اور عمراحمد ڈار کو نرپال کے علاقوں میں ماراگیا۔ یہ انتہائی بربریت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا س سال مئی سے لے کراب تک پچاس سے زائد کشمیری جن میں بہت سے نوجوان بھی شامل ہیں، احتجاج کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مارے جاچکے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔آئے دن کرفیو کی وجہ سے ہسپستال زخمیوں کا علاج کرنے سے قاصر ہیں، ادویات نہیں پہنچ رہیں۔ مقبوضہ وادی میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ کشمیریوں کی شہادت ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حالیہ دنوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سون بال، بیج بہارہ، سوپور، بارامولا اور دوسرے علاقوں میں متعددافراد شہیداور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔ نہتے مظاہرین پر حملہ انتہائی قابل مذمت اور بزدلانہ فعل ہے اور اس پر سِتم یہ ہے کہ انڈین آرمی اپنی کاروائیوں کے دوران یو این او کے ہیلمٹ پہن کر اِس بین الاقوامی تنظیم کو بدنام کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لیناچاہیے اور بھارت کو بربریت سے فوری طورپر روکنا چاہیے۔ اقوام متحدہ اور دوسرے ادارے مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.