5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رحیم یار خان میں محصور3 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیاگیا،آئی ایس پی آر
جنگ نیوز -
راولپنڈی…سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ فوجی جوانوں نے رحیم یار خان میں محصور 3 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق رحیم یارخان کے ریلیف کیمپوں میں مقیم6ہزار سے زائد افراد کو کھانا فراہم کیا جارہا ہے ۔ آرمی نے احسان پور ، کچا بنگلہ ، چھانہ شریف اور صادق آباد میں خوراک کی فراہمی کیلئے مراکز قائم کردیے ہیں ، آئی ایس پی آر کے مطابقگلگت ، غذر اور وادی چلاس سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ایک سو33 افراد کو نکال لیا گیا اور سات ہزار 400 کلو گرام امدادی سامان فراہم کیا گیا ۔ فوجی جوانوں نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خشک راشن کے 4 ہزار بیگ تقسیم کیے اور ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو طبی سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔ آرمی انجینئرز نے مینگورہ بس اسٹینڈ بھی فعال کردیا ہے جبکہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کو بشی گرام سے جیری جانے کے لئے آرمی کی 6 گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی نے بلوچستان کے متاثرینِ سیلاب کے لیے گوجرانوالہ سے سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے16 ٹن امدادی سامان بھجوایا جبکہ گوجرانوالہ سے ہی خیبرپختونخواہ کے متاثرین کے لیے 20ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پہلے ہی بھیجا جاچکا ہے ۔