5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
عید الفطر پر اسٹیج ڈراموں اور فلموں کے دنگل کی تیاریاں
جنگ نیوز -
کراچی…رپورٹ : فرقان احمد یوسفی… عید الفطر پر ہونے والے اسٹیج ڈراموں اور فلموں کے دنگل کی تیاریاں شروع ہوگئیں جس کے لئے اسٹیج اداکاراؤں نے لاکھوں روپے کے ملبوسات تیار کرانا شروع کر دیئے ہیں۔ کراچی اور لاہور میں عیدالفطر پر پیش ہونے والے اسٹیج ڈراموں کیلئے اداکارہ نرگس، خوشبو، دیدار، ندا چوہدری، میگھا، روفی انعم، نائیلہ رحمان، ماریہ خان اور حمیرا خان سمیت دیگر اداکاراؤں نے لاکھوں روپے کے ملبوسات تیار کرنا شروع کر دیئے ہیں، تاکہ عید کے موقع پر ایک دوسرے سے بازی لے جا سکیں تاہم ان اداکاراؤں کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہم نے اس مرتبہ عیدالفطر پر مہنگے ترین ملبوسات کی بجائے سادہ ملبوسات بنانے کو ترجیح دی ہے تاکہ اس سے بچنے والی رقوم سیلاب سے متاثرین کو دی جاسکے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں ہمارے ساتھ شریک ہوسکیں۔ دوسری جانب ان اداکاراؤں نے مہنگائی کے باعث اپنے اپنے معاوضوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے پروڈیوسرز پریشان ہو گئے۔ معاوضے بڑھانے کی وجہ سے بڑی کاسٹ کا ڈرامہ 50سے 70 لاکھ روپے تک جانے کا امکان ہے۔ اس بارے میں اسٹیج حلقوں کے مطابق عید اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث بڑے فنکاروں افتخار ٹھاکر، ناصرچنیوٹی، شکیل صدیقی، رؤف لالہ، سلیم آفریدی، سکندر صنم، طارق ٹیڈی، ظفر ی خان، نسیم وکی، خوشبو، دیدار، ندا چوہدری، روفی انعم، نائیلہ رحمان، ماریہ خان، حمیرا خان اور نرگس نے اپنے معاوضوں میں اضافہ کر دیا ہے۔