5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں،متاثرین کی شہروں کو نقل مکانی جاری
جنگ نیوز -
حیدرآباد…سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔جیکب آباد کے بعد شہداد کوٹ، قبو سعید خان سمیت سیکڑوں دیہات خالی ہونے کے بعد متاثرین سیلاب مختلف شہروں کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں جبکہ ابھی تک کئی علاقوں میں ہزاروں افراد امداد کے منتظر ہیں۔لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے تمام حفاظتی بندوں پر سیلاب کا دباؤ برقرار ہے تاہم پانی کی سطح میں آج کمی ریکارڈ کی گئی۔سیلاب کے خدشے کے باعث جیکب آباد کے بعد شہداد کوٹ اور قبو سعید خان سمیت سیکڑوں دیہات سے متاثرہ خاندان کراچی اور حیدرآباد منتقل ہورہے ہیں۔سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقوں سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں سیلاب سے متاثر ہزاروں خاندان امدادکے منتظر ہیں۔گڑھی خیرو کے قریب بیگاری کینال میں 2 شگاف پڑنے سے گوٹھ جعفر بلیدی سمیت متعدد دیہات زیر آب آنے کے بعد سیلاب گڑھی خیرو شہر کی جانب بڑھ رہا ہے۔ دادو مورو روڈ پر پڑنے والا شگاف اب تک پر نہ کیے جانے کی وجہ سے کئی اضلاع کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔نوشہروفیروز کے علاقے گچیرو میں کشتی الٹ جانے سے خاتون اور تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹھارو شاہ میں ایک بچہ اور دو افراد سیلاب میں بہہ گئے۔