تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

وزیراعظم نے تاحال کمیشن کے قیام کیلئے ٹھوس قدم نہیں اٹھایا، نواز شریف

جنگ نیوز -
لاہور…مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہاہے کہ وہ وزیر اعظم کو فون کر کے پوچھیں گے کہ امدادی کمیشن کے قیام کے معاملے پر اب تک پیش رفت کیوں نہیں ہوئی۔ جبکہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کمیشن کے قیام کی تجویز پر عمل نہ کیا گیا تو سکھر والے کراچی اور مظفرگڑھ والے لاہور پہنچ جائیں گے اور راستے میں سب تہہ و بالا کر دیں گے ۔انہوں نے یہ باتیں کنونشن سنٹر اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے منعقدہ کنونشن سے خطاب کے دوران کیں۔کنونشن میں پارٹی کے سینیٹرز،ایم این ایز ،ایم پی ایز،مرکزی پارلیمانی پارٹی کے ارکان اور آرگنائزنگ کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ پارٹی کے سینیٹرز،ایم این ایز ،ایم پی ایز اور مشیر ایک ایک دن کی تنخواہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ریلیف فنڈ میں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں اعتماد کی کمی ہے کہ پیسہ کس کو دیں اور کہاں خرچ کریں اس لیے کمیشن کے قیام میں ایک لمحہ کی تاخیر نہیں ہونی چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر سیاست کی گئی تو اس سے برا جرم کوئی اور نہیں ہو گا۔میاں نواز شریف نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کو آج فون کر کے کمیشن کے معاملے پر جواب لیں گے اور اس کے مطابق آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں جذبہ موجود ہے اور اگر جذبے کو استعمال کر لیا جائے تو قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم کو بتایا کہ وہ پوائنٹ اسکورنگ کے لیے نہیں آئے۔بلکہ مل کر نکلیں اور فنڈ اکٹھا کریں ، نواز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اخراجات کم کر کے ساڑھے تین سو ارب روپے نکال سکتے ہیں جسکیلئے اخراجات میں 30 فیصد کمی لانی چاہیے ، نواز شریف نے کہا کہ یہ وقت قرضہ لینے کا نہیں ، قوم پر مزید بوجھ پڑے گا ، اس موقع پر وزیرا علیٰ پنجاب نے کہا کہ چیلنج بہت بڑا ہے ، پوری قوم اکٹھی ہو جائے، اور دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سمجھ کر کریں ، شہباز شریف نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم ، نواز شریف کی تجویزپر عمل کریں گے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.