5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سندھ میں سیلاب سے سیکڑوں دیہات کے لاکھوں افراد بے گھر
جنگ نیوز -
حیدرآباد…شکارپور میں بیگاری کینال میں شگاف سے سیلاب گڑھی خیرو اور گولو دڑو میں داخل ہوگیا ہے جبکہ شہداد کوٹ کو بچانے کے لیے محکمہ آبپاشی نے سیف اللہ مگسی کینال اور بیگاری کینال میں کٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔گڑھی خیرو کے قریب بیگاری کینال میں2 شگاف پڑنے کے بعد گوٹھ جعفر بلیدی سمیت زیر آب آنے والیسیکڑوں دیہات میں ایک ہزار سے زائد افراد اورمویشی سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں۔شکارپور کے قریب بیگاری کینال میں شگاف کے باعث سیلابی ریلہ گولو دڑو میں داخل ہوگیا جس سے متعدد دیہات اور سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصل زیر آب آگئی اور درجنوں افراد سیلاب میں پھنس گئے۔محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق شہدادکوٹ کو بچانے کے لیے گوٹھ داد محمد کے مقام پر سیف اللہ مگسی کینال اور بیگاری کینال میں کٹ لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ شہر کے باہر زیر تعمیر حفاظتی بند کو بھی مضبوط کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ڈی سی او قمبر شھداد کوٹ کے مطابق گڑھی خیرو سے آنے والا سیلابی ریلہ بیس گھنٹے میں قبو سعید خان میں داخل ہونے کا خدشہ ہے۔سہون شریف کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔اور سندھ کے قدیم شہر آمری اور وڈا چھ چھر سمیت ضلع جامشورو کے چالیس سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ لکی شاہ صدر سے سن شہر تک آر بی او ڈی سیم نالے کا دس کلومیٹر رقبہ بھی سیلاب میں بہہ گیا ہے اور منچھر جھیل میں پانی کی سطح111 اعشاریہ دو آر ایل تک پہنچ گئی ہے۔