5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی : ٹارگٹ کلنگ کے مزید واقعات، ڈاکٹر سمیت مزید 3افراد قتل
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ڈاکٹر سمیت مزید تین افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ دو روز ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے مرزاخادم حسین کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق پاک کالونی میں موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت وزیر شاہ اور مراد گل کے نام سے ہوئی ہے۔دونوں ایک مقامی کمپنی کے کیشیئر اور گارڈ تھے ان کے پاس سے دو نائن ایم ایم پستول اور ساڑھے نو لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں ۔ ناظم آباد میں بھی نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے ڈاکٹر محمد جاوید شکور ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق مقتول حسین آباد کے میمن اسپتال کے مالک تھے اور تین ہفتے قبل ہی دوسری شادی کی تھی ۔جبکہ ایک کالعدم مذہبی جماعت سے تعلق کی وجہ سے ان کا نام کچھ عرصے پہلے تک شیڈول فور میں بھی رہا ہے۔ ادھر دو روز قبل بھی ناظم آباد میں ہی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے گئے آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہ نما مرزا یوسف حسین کے بیٹے مرزا خادم حسین کو وادی حسین کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ امام بارگاہ رضویہ سوسائٹی میں ادا کی گئی۔