5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بھارت نے 28پاکستانی قیدی واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کردیے
جنگ نیوز -
لاہور…بھارت نے ایک خاتون سمیت28 پاکستانی قیدی رہا کرکے واہگہ بارڈر پر رینجرز کے حوالے کردیئے ہیں۔رہائی پانے والے پاکستانی شہری ایک سے پندرہ سال تک بھارتی جیلوں میں صعوبتیں برداشت کرتے رہے، ان میں سے تین ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس نے واہگہ بارڈر پر پاکستان کے 28 شہری رہا کئے تو ان میں سے ایک پاک سرزمین پر قدم رکھتے ہی سجدے میں گرگیا جبکہ دوسرے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ بھارت کی قید سے رہائی پانے والے ان شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ غلطی سے سرحد پارکرگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں اس وقت بھی سینکروں پاکستانی رہائی کے منتظر ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارت میں قید پوری کرنے والے پاکستانی شہریوں کی رہائی کے انتظامات کرے۔