5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کرزئی نے روس سے ملکی حالت بہتربنانے کیلئے مددطلب کرلی
جنگ نیوز -
سوچی ... افغان صدر حامد کرزئی نے سابق قابض ملک روس کے صدر دمتری میدویدف سے اپنے ملک کی حالت بہتربنانے کے لیے مددطلب کی ہے۔بحیرہ اسود پر واقع روس کے ساحلی مقام سوچی میں حامدکرزئی نے یہ درخواست صدر دمتری میدویدیف کی میزبانی میں چارملکی سربراہ اجلاس کے موقع پر کی ہے۔افغانستان کی جانب سے دوعشرے کے بعدیہ پہلا موقع ہے کہ روس کی حمایت طلب کی گئی ہے۔حامدکرزئی نے روسی صدر سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں آپ کی جانب سے افغانستان سے متعلق تشویش کا اظہار کرنے پر شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو دوستوں اور روس جیسے بڑے ممالک کی مدددرکار ہے۔روسی صدر نے افغان صدرحامدکرزئی،تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف اورپاکستان کے صدر آصف علی زرداری کو سکیورٹی اورمنشیات کی اسمگلنگ سے متعلق امورپر مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ روسی صدرنے ان تینوں لیڈروں سے مشترکہ اجلاس کے علاوہ الگ الگ بھی ملاقات کی ہے۔