5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جیکب آبادکی تحصیل گڑھی خیرومکمل طور پر زیر آب
جنگ نیوز -
جیکب آباد ... کھیر تھر کینال اور سیف اللہ مگسی کینال میں مزید 2 شگاف پڑنے سے ضلع جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو مکمل طور پر زیر آب آگئی ہے۔ جہاں سیلابی ریلے کی سطح مسلسل بلند ہوکر10 فٹ سے زائد ہوچکی ہے۔ جبکہ سیلابی ریلا تیز بہاؤ کے ساتھ سجاول اور میروخان کی جانب بڑھ رہا ہے۔محکمہ آب پاشی کے ایگزیکٹو انجینئرز منور بزدار کے مطابق یہ ریلا آئندہ10 گھنٹوں تک سجاول اور میروخان شہروں میں داخل ہوسکتا ہے۔ تاہم محکمہ آب پاشی اور ضلعی انتظامیہ سیلابی پانی کا رخ قبوسعید خان کی جانب موڑنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ سیلابی پانی کی آمد کے پیش نظر شہداد کوٹ شہر کے باہر تعمیر کیے جانے والے حفاظتی بند کو مزید مضبوط بنانے کا کام تیزی سے شروع کردیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے سو سے زائد دیہات کو خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ گڑھی خیرو شہر میں سیلابی ریلے کی سطح10 فٹ سے زائد بلند ہوچکی ہے۔ گڑھی خیروشہر اور گردونواح میں ایک ہزار سے زائد افراد سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے جنہیں نکالنے کے لئے ابھی تک حکومتی سطح پرکوئی امدادی کارروائی شروع نہیں ہوسکی ہیں۔