5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب زدگان کی امداد کیلئے این او ڈی ایم سی کے قیام کی منظوری
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . سیلاب سے متاثر افراد کے لئے این او ڈی ایم سی کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے اقدامات پر غور کے لئے ملک کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا اجلاس ، اسلام آباد میں ہوا ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امدادی کاموں کی نگرانی کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جائزہ کونسل بنانے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، گورنر خیبرپختونخواہ ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، وفاقی وزرا اور چیئرمین این ڈی ایم اے شریک ہوئے ۔ اجلاس کے افتتاحی خطاب میں وزیراعظم نے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کیلئے قومی سطح پر کئے جانے والے اقدامات بیان کئے ، انہوں نے امدادی کاموں میں مصروف اداروں کی خدمات اور بیرون ملک سے آنے والی امداد کو سراہا، اجلاس کے شرکا نے سیلاب سے عوام کو پہنچنے والے نقصانات، انفراسٹرکچر اور قومی معیشت پر اس کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے ان تباہ کاریوں سے نمٹنے کے اقدامات کوبھی زیر غور لایا گیا ۔ اجلاس میں متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے ملکی اور غیرملکی سطح پر آنے والی امداد اور اس کے استعمال کے نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، کونسل کے فیصلوں کا باضابطہ اعلان آج بعد میں کیا جائے گا۔