5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب کے اثرات دہشت گردی کیخلاف جنگ کو متاثر کرسکتے ہیں، میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور…خیبرپختونخواکے وزیراطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے سامنے سیلاب سے متاثرہونے کا مسئلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بنیاد پر پیش کریں گے۔پشاورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ امیرحیدرہوتی نے امریکا ،برطانیہ ،اقوام متحدہ،سعودی عرب،چین،جاپان،یورپی کمیشن،فرانس اور جرمنی سمیت 27ممالک اور بین الاقوامی اداروں کوڈونرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔کانفرنس کل اسلام آباد میں ہوگی ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ابھی بھی دہشتگردی کی کاروائیاں جاری ہیں۔ دہشت گرد مساجد ،نمازیوں اوررمضان کا احترام بھی نہیں کررہے ، وہ ایک بارپھر منظم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ۔اس لئے ہمیں مشکل حالات کا سامنا ہے اور ہم پاکستان اور دنیا کی سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں اور اگرہم نے دستیاب فنڈزسیلاب زدگان پر خرچ کر دیئے تو یہ جنگ متاثرہوگی اس لئے دنیا خیبرپختونخواکے سیلاب زدگان کی سوفیصد مدد کرے ۔ میاں افتخار نے کہا کہ صوبائی حکومت اب تک سیلاب زدگان پر 88 کروڑ 38لاکھ روپے خرچ کر چکی ہے ۔متاثرین کے لئے ایک ہزار چھ امدادی کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں پندرہ ہزار سے زائد خاندان قیام پذیر ہیں ۔