5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
گراوٴنڈ زیرو پر مسجد کی تعمیر کے مسئلے پر اوباما کو شدید مخالفت کا سامنا
جنگ نیوز -
واشنگٹن…سی ایم ڈی…امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے گراونڈ زیرو کے نزدیک مسجد کی تعمیر کے فیصلے کو امریکہ میں شدید مخالفت کا سامنا ہے۔ نیویارک کے عوام سمیت ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے حادثے کے دوران امدادی کاروائیاں کرنے والی ٹیموں نے صدر اوباما کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ فائر فائٹنگ ٹیم کے عملے سمیت ان امدادی کاروائیوں میں شامل ہونے والے پولیس اور ایمبولینس سروس کے عملے نے بھی اوباما انتظامیہ کے فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے دوران کاروائی ہونے والے جانی اور مالی نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے منہدم ہونے پر امدادی کاروائیوں کے دوران انہیں کئی جانی نقصانات سے گزرنا پڑا تھا اور اس کے ہرجانے کے طور پر انہوں نے ساڑھے سات بلین امریکی ڈالر کا مطالبہ کیا ہے جس کا بل تا حال گانگریس سے منظور نہیں ہوسکا۔ نیویارک میں صدر اوباما کے اس اقدام کے خلاف ایک سروے میں اس فیصلے کو 2-1 اکثریت سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ ان کے مطابق اوباما کے اس فیصلے نے ان کے حقوق پامال کرتے ہوئے انہیں تنہا کردیا ہے۔