5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
عبیداللہ یوسف زئی کے قتل پررابطہ کمیٹی کااظہارافسوس
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی ائیرپورٹ کے علاقے میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنماء عبیداللہ یوسف زئی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیاہے کہ دوہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنماء عبیداللہ یوسف زئی اورسلیم اخترکے قتل پرعوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اورمقتولین کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی۔رابطہ کمیٹی نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور سوگواروں کوصبرجمیل عطافرمائے۔ (آمین)رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ دوہرے قتل کی واردات کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورواقعہ میں ملوث ملزمان کوگرفتارکرکے قانون کے مطابق سخت سزادی جائے۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وحق پرست صوبائی وزیررضاہارون نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء اورسینیٹر آفراسیاب خٹک اوررکن رابطہ کمیٹی وسیم آفتاب نے امین خٹک سے ٹیلی فون پر عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنماء عبیداللہ یوسف زئی کے قتل پردلی تعزیت و افسوس کااظہارکیااورانہیں صبرکی تلقین کی ۔رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ رنج وغم کی اس گھڑی میں ایم کیوایم عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ ہے ۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اوراے این پی کے تمام قائدین ،رہنماؤں اورکارکنوں سمیت مقتولین کے سوگواران کوصبرجمیل عطاکرے۔ (آمین)