5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جنوبی پنجاب میں300 افراد کی کفالت کر رہے ہیں،فاروق ستار
جنگ نیوز -
ملتان…ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں 300 افراد کی کفالت کر رہے ہیں اور ابتک 5 کروڑ روپے کا سامان متاثرین سیلاب میں تقسیم کر چکے ہیں ۔یہ بات انہوں نے ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انکا کہنا تھا کہ 2005 کے زلزلہ کے بعد اگر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فعال ہوجاتا تو آج یہ دننہ دیکھنے پڑتے۔ یہ بہت بڑی آزمائش اور بحران ہے جس سے منظم طریقہ سے نمٹنا ہو گا۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی مشکل کی اس گھڑی میں دل کھول کر امداد دینی چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام پہلے ہی غربت مہنگائی بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے عذاب کو برداشت کررہی ہے، اس کے باوجود ہر شخص اپنی بساط کے مطابق امداد دے کیونکہ مخیر حضرات اور حکومت کے ساتھ مل کر ہی اس آفت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ،فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت ریسکیو کا کام جاری رکھے، فلڈ وارننگ کے سسٹم کو مزید بہتر بنائے اور ایسے بند جو کمزور ہو رہے ہیں انکو فوری طور پر مضبوط بنائے انکا کہنا تھا کہ عوام عید کو سادگی سے منائے اور عید کے تمام اخراجات سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے خرچ کریں ، ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈیم کی ایک سیاست ہے جس پر ابھی بات نہیں کرنا چاہتا ۔