5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
امدادی کمیشن کے قیام پر نوازشریف کا وزیراعظم سے استفسار
جنگ نیوز -
اسلام آباد… مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ٹیلی فون کر کے ان سے مجوزہ امدادی کمیشن کے قیام میں تاخیر کے بارے میں استفسار کیا ہے جس پر وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ دیگر سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کرنے کے بعد جواب دیں گے، جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چودھری کے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے وزیر اعظم کو یاد دہانی کرائی کہ انھیں اڑتالیس گھنٹوں میں کمیشن کے قیام کا اعلان کرنا تھا جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دوسری سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کے بعد اس پر واضح جواب دیے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے وزیر اعظم سے کہا کہ گیلانی صاحب ہماری ملاقات کے دوران کمیشن کے قیام کی تجویز کے بعد میرے سامنے آپ نے اسفند یار ولی اور فاروق ستار سے بات کر لی تھی،اب آپ کو اور کس سے بات کرنی ہے جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ میاں صاحب میں کچھ رہنماؤں سے بات کرنے کے بعد آپ سے دوبارہ رابطہ کروں گا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم سے بات چیت کے بعد مجوزہ کمیشن کے قیام سے متعلق میاں نواز شریف کو مایوسی ہوئی اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت میں میاں نواز شریف نے کہا کہ انہیں لگتا ہے حکومت ان کی تجویز کے مطابق کمیشن قائم نہیں کرے گی،انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ ن دیکھے گی کہ اس کے پاس اور آپشنز کیا ہیں۔