5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری
جنگ نیوز -
راولپنڈی …پاک فوج سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اپنے کوٹہ سے اب تک متاثرین میں 1300 ٹن راشن تقسیم کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران چالیس فوجی ٹرکوں کے ذریعے سیلاب متاثرین کو اوستہ محمد سے ڈیرہ مراد جمالی ، سبی اور دادر منتقل کیا گیا ہے۔ ضلع مظفر گڑھ میں ڈیڑھ لاکھ متاثرین کو روزانہ خوراک اور چار ہزار مریضوں کوطبی امداد دی جا رہی ہے، مدین میں 24 موبائل پوائنٹ قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے کے 25 ہزار پیکٹس فراہم کیے گئے ہیں۔پاک فوج کی سدرن کمانڈ کی جانب سے آج 32ٹن راشن اور 500مزید خیمے کوئٹہ سے ڈیرہ مراد جمالی کے لئے روانہ کردئے گئے۔نصیرآباد میں مزید چار کیمپ قائم کیے جائیں گے جہاں کھانے پینے اور علاج معالجے کا بھی بندوبست کیا جائے گا، پاک فوج کی جانب سے آج 4ہیلی کاپٹروں کے ذریعے صحبت پور، ڈیرہ الہ یار، روجھان جمالی اور اوستہ محمد میں کھانا، پانی اور خشک راشن تقسیم کیا جائے گا۔ فرنٹیر کور بلوچستان کی جانب سے ڈھاڈر میں امدادی کیمپ قائم کردیا گیا ہے، ایف سی ترجمان کے مطابق خیمہ بستی میں ایک ہزار سے زائد خاندانوں کی رہائش اور خوراک کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ خیمہ بستی میں اب تک 100خاندان آچکے ہیں، جہاں رہائش اور خوراک کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔