تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

امداد اسطرح تقسیم کی جائے کہ لوگوں کی عزت نفس مجروح نہ ہو،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرینِِ سیلاب میں امدادی اشیا کی تقسیم کیلئے ایم کیوایم کا روایتی طریقہ کا راختیارکریں تاکہ متاثرین کی عزت نفس مجروح نہ ہوسکے ۔ یہ بات انہوں نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرومیں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو غذائی اشیا کے حصول کیلئے چھینا جھپٹی کرتے دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے سیلاب متاثرین کیلئے کی جانے والی ایم کیوایم اور خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کی تازہ ترین تفصیلات معلوم کیں۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں میں قائم خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے امدادی کیمپوں میں عوام کی جانب سے امدادی اشیا اور نقد رقوم جمع کرائی جارہی ہیں جو ایم کیوایم پرعوامی اعتماد کا کھلا ثبوت ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بتایا کہ ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم آج رات سکھر روانہ ہوگی۔ ٹیم میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹراور پیرامیڈیکل اسٹاف شامل ہے۔ طبی ٹیم سکھر میں فیلڈ اسپتال قائم کرے گی جہاں مختلف امراض کے باقاعدہ شعبے قائم کرکے متاثرین کو علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ایم کیو ایم کے قائد نے متاثرین کو علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کرنے پر میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ارکان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنا آرام وسکون قربان کرنے والوں کو بہت پسند کرتا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.