5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
اظہر اور محمد یوسف کی نصف سنچریاں، پاکستان کے پہلی اننگز میں308رنز
جنگ نیوز -
لندن…اوول ٹیسٹ میں پاکستان نے اظہر علی اور محمد یوسف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت دورہ انگلینڈ کا سب سے بہتر 308 رنز بناڈالے ، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 6 رنز پر ایک وکٹ سے محروم ہوچکی ہے اور اس مزید 69 رنز کے خسارے کا سامنا ہے ۔اوول میں کھیل کے دوسرے دن پاکستان نے پہلی نامکمل اننگز 48 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی ، تو یاسر حمید اپنے اسکور میں بغیر کسی اضافے کے 36 رنز پر پویلین لوٹ گئے ، سلمان بٹ پر ایک بار پھر ناکام رہے اور 17 رنز پر آؤٹ ہوئے ، وہاب ریاض نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی بہتر کارکردگی دکھائی ، انہیں گریم سوان نے 27 رنز پر آؤٹ کیا ، اس کے بعد محمد یوسف اور اظہر علی نے ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی اور پانچویں وکٹ میں 69 رنز جوڑے ، محمد یوسف کامیاب واپسی کے بعد 56 رنز بناکر سوان کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ ہوئے ، عمر اکمل 38 رنز بناکر غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے ، دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں ، لیکن اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور انہوں نے محمد آصف کے ساتھ آخری وکٹ میں 38 رنز کی شراکت قائم کی ، محمد آصف 8 رنز بناکر پویلین لوٹے تو پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ میں اب تک اپنے سب سے بڑے مجموعے 308 رنز پر آؤٹ ہوئی ، اظہر علی 92 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ، گریم سوان نے چار ، جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر چھ رنز بنالیے ہیں انہیں مزید 69 رنز کے خسارے کا سامنا ہے ، کوک صفر اور نائٹ واچ مین دو رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ۔