تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

کراچی:اے این پی کے عہدیدار کا قتل، ہنگامہ آرائی میں13ہلاکتیں

جنگ نیوز -
کراچی… کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی کے دوران ایک درجن سے زایدگاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا ، جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بچے سمیت13افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی بھی ہوگئے۔پولیس کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پرکارگو ٹرمینل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اے این پی کے صوبائی رہنما عبیداللہ یوسف زئی اور سلیم اختر جاں بحق ہوگئے ۔ دونوں قومی ایئر لائن کے ملازم تھے ۔ واقعے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں گلستان جوہر، داؤد چورنگی لانڈھی، قائدآباد، اسٹیل ٹاؤن، ضیا کالونی کورنگی، بنارس ، قصبہ کالونی اور اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی ، نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں اور کاروبار بند کرادیے ، نیشنل ہائی وے اور مولوی تمیز الدین خان روڈ پر ٹائر جلائے گئے اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا ۔ لانڈھی میں تین مسافر بسوں کو آگ لگادی گئی جبکہ سلطان آباد، ٹاور، ابوالحسن اصفہانی روڈ، کورنگی ، شاہ فیصل کالونی اور پرانی سبزی منڈی کے قریب بھی 9گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بنارس، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ کالونی، ملیر کالا بورڈ، سعودآباد ، ضیا کالونی کورنگی اور الآصف اسکوائر کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے بچے سمیت 13 افراد کو ہلاک جبکہ قصبہ کالونی، بخاری کالونی، علیگڑھ، میٹرو سینما، کٹی پہاڑی، لائنز ایریا، جونا مارکیٹ، شیر شاہ، کورنگی اور سہراب گوٹھ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے رینجرز اہلکار سمیت 40 سے زائد افراد کو زخمی کردیا، جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔رینجرز اور پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں شہر کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.