5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ڈیرہ مراد جمالی : ادویہ کی کمی دو بچوں سمیت تین سیلاب متاثرین جاں بحق
جنگ نیوز -
نصیرآباد . . . نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں پناہ لینے والے سیلاب متاثرین میں سے خوراک اور ادویات نہ ملنے کے باعث دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ادھرڈیرہ الہ یار اور دیگر علاقوں میں سیلابی پانی نے بلند ہونے کے ساتھ ساتھ تعفن کا اخراج کرنا شروع ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ الہ یار کے سیلاب متاثرین پناہ لینے کیلئے مختلف شہروں میں منتقل ہوگئے ہیں جہاں انہیں خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں پناہ لینے والے متاثرہ خاندانوں میں حکومتی سطح پر کسی قسم سہولت فراہم نہیں کی گئی۔دوسری جانب سیلاب زدہ علاقے ڈیرہ الہ یار کا ملک بھر سے زمینی راستہ آج تیسرے روز بھی منقطع ہے۔جہاں پھنسے ہوئے متاثرین کے لئے خوراک اور ادویات کی اشد ضرورت ہے۔ یہاں جمع ہونے والے سیلابی پانی کا رنگ بھی سیاہ ہوتا جارہا ہے اورپانی میں موجود سیکڑوں کی تعداد میں مرے ہوئے جانور کا تعفن پورے شہر سمیت بائی پاس تک پھیل گیا ہے اور یہاں موجود ہزاروں متاثرہ افراد بھی مختلف جلدی بیماریوں میں مبتلا ہوکرکھلے آسمان تلے بے یارو مدد گارمیدانوں میں پڑے ہیں۔