5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیالکوٹ میں2بھائیوں کاقتل، پولیس افسران کیخلاف کارروائی کاحکم
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . سپریم کورٹ نے سیالکوٹ میں پولیس کی موجودگی میں دو بھائیوں کی سرعام تشدد سے ہلاکت پر آئی جی پنجاب کومتعلقہ ڈی پی او اور ایس پی انویسٹی گیشن کیخلاف کارروائی کاحکم دیاہے۔ عدالت نے پولیس سے اس کیس کی روزانہ کی بنیادپررپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل اینٹی کرپشن کوسات دنوں میں کیس کی انکوائری کرنے کی ذمہ داری بھی دی ہے۔چیف جسٹس ،جسٹس افتخار محمدچودھری اور جسٹس خلیل الرحمن رمدے پر مشتمل سپریم کورٹ کے بنچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ ڈی پی او سیالکوٹ وقار چوہان نے بتایاکہ لڑکوں کی ہلاکت پر12 افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور ایس ایچ او گرفتار ہے۔عدالت نے دونوں بھائیوں کی سرعام تشدد سے ہلاکت کا مقدمہ درج نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ڈی پی او اور ایس پی انویسٹی گیشن کو معطل کردینا چاہیے۔عدالت نے آبزرویشن میں کہا کہ ڈی پی او اور ایس پی انویسٹی گیشن سیال کوٹ میں امن و امان قائم رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔عدالت نے آئی جی پنجاب کو دونوں کیخلاف بلاتاخیر کارروائی کاحکم دیااور ڈی جی اینٹی کرپشن کاظم ملک سے واقعے کی سات روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی ۔اس سے پہلے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ خواجہ محمد شریف نے اسی مقدمے کی سماعت میں پولیس کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا اورچیف جسٹس کے از خودنوٹس کی وجہ سے کارروائی 3 ستمبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیاتھا۔