5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
وشال بھردواج نے اگلی فلم کے لیے دپیکا اور سیف کو ساتھ کاسٹ کرلیا
جنگ نیوز -
ممبئی…سی ایم ڈی…بالی ووڈ فلم نگری میں اپنے اچھوتے اور منفرد کام کی وجہ سے بے پناہ شہرت رکھنے والے ہدایتکار،موسیقار،پروڈیوسر اور رائٹر وشال بھردواج نے اپنی اگلی فلم میں لو آجکل کی مقبول جوڑی سیف علی خان اور دپیکا پدکون کو ساتھ کاسٹ کرلیا ہے۔وشال بھردواج جو اس سے قبل تبو کے ساتھ مقبول،کرینہ کے ساتھ اومکارہ اور پریانکا کے ساتھ کمینے جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں ہمیشہ اپنے اچھوتے موضوعات کے لیے فلم نگری کی صفِ اول کی اداکاراؤں کا انتخاب کرتے ہیں اور اس بار قرعہِ فال دپیکا کے نام نکلا ہے۔اپنے سماجی نیٹ ورکنگ پروفائل ٹوئٹر پر دپیکا نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وشال بھردواج جیسے ذہین ہدایتکار کے ساتھ کام کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔لو آجکل اور کارتک کالنگ کارتک میں دپیکا کے کام سے بیحد متاثر نظر آنے والے وشال نے اپنی اگلی فلم کے لیے پریانکا پر دپیکا کو ترجیح دی ہے حالانکہ شروع سے اس پراجیکٹ کے لیے پریانکا کے نام کی قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔ واضح رہے کہ وشال بھردواج کی اس فلم کو ایکتا کپور پروڈیوس کریں گی جس کی شوٹنگ اگلے سال کے اوائل سے شروع ہوجائیگی۔