5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاک فوج کی لاکھوں افراد کو خوراک اورطبی سہولیات کی فراہمی جاری،آئی ایس پی آر
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سیلاب متاثرینکیلئے پاک فوج کی جانب سے مختلف علاقوں میں لاکھوں افراد کو خوراک اورطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے نصیر آباد میں چار ریلیف کیمپ قائم کردیے ہیں جہاں متاثرین کو تیار کھانا اور طبی امداد دی جارہی ہے۔پاک فوج نے اب تک نصیر آباد کے متاثرین کیلئے 180ٹن راشن،58سو ٹینٹ،20لاکھ روپے کی ادویات اور 26ٹن پینے کا پانی فراہم کیاہے۔ سکھر،کشمور،جیکب آباد اور شکارپور میں متاثرین سیلاب کیلئے کراچی سے 536ٹن ریلیف اشیا بھجوائی گئی ہیں۔رحیم یار خان میں پاک فوج کی جانب سے 2ہزار افراد کو تیار کھانا اور 21سو سے زائد مویشیوں کو چارہ فراہم کیا جارہا ہے۔ترجمان کے مطابق لاہور سے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کی 470 ٹن امدادی اشیا سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں بھجوائی ہیں۔ مظفر گڑھ،رحیم یار خان ،لیہ اور راجن پور میں قائم سو سے زائد کیمپس میں ہزاروں افراد کو تیار کھانے کی فراہمی جاری ہے۔کالام میں متاثرین سیلاب کو ہیلی کاپٹرزکے ذریعے273ٹن راشن پہنچا دیا گیا ہے۔نوشہرہ کلاں اور پبی میں 3 ٹن خشک راشن اور 23سو پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔ گلگت بلتستان میں سی ون تھرٹی کی دوپروازوں کے ذریعے 6 ہزار لیٹر ڈیزل پہنچا دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف ڈبلیو او نے کلیال نالہ،دوباری نالہ اور بشام کے پل مرمت کرکے قراقرم ہائی وے کو جزوی طور پر کھول دیا ہے۔