تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

کوٹری بیراج پرپانی کے دباؤ میں اضافہ،کچے کے علاقوں میں ہنگامی صورتحال

جنگ نیوز -
شہداد کوٹ…شہداد کوٹ کو سیلاب سے بچانے کے لئے شہداد کوٹ ، قبو سعید خان روڈ پرکٹ لگانے سے دونوں شہروں کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ادھر ٹھٹھہ کوٹری ڈاؤن اسٹریم پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس وقت کوٹری بیراج سے سات لاکھ اور ضلع ٹھٹھہ سے پانچ لاکھ کیوسک سے زائد پانی گزررہا ہے۔سجاول جونیجو ،گڑھی خیرو اور شہداد کوٹ کی سڑکوں پرمجموعی طور پر17 مقامات پر کٹ لگاکر سیلاب کا رخ قبوسعید خان کی جانب موڑدیا گیا ہے ۔ سیلاب شہداد کوٹ شہر کے باہر تعمیر کیے گئے حفاظتی پشتے تک پہنچ گیا ہے۔شہداد کوٹ میں بعض دکانداروں نے سیلابی ریلے سے بچنے کے لئے اپنی دکانوں کے آگے پختہ دیواریں کھڑی کردی ہیں۔ جبکہ ان شہروں سے لاکھوں افراد محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کرچکے ہیں۔ ادھر ٹھٹھہ سے گزرنے والے سیلابی ریلے نے منارکی، سورجانی اور سونہ الایہ بند کے پشتوں پر شدید دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے جبکہ کچے کا تمام علاقہ زیر آب آگیا ہے۔ کچے کے علاقے میں دیہات اور ہزاروں ایکڑ پر تیار فصلیں بھی زیر آب آگئی ہیں۔ڈی سی کے مطابق کچے کے علاقے سے90 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پورے چاند کی تاریخیں قریب آنے کے باعث سمندر میں شدید طغیانی پیداہورہی ہے جو دریائے سندھ کا پانی واپس پیچھے کے جانب دھکیل دے گی جس سے مزید تباہی کا خدشہ ہے۔کوٹری بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ اور سات لاکھ کیوسک سے زائد کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ جس کے باعث جامشورواور لطیف آباد کے10 حفاظتی بندوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.