5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
اتنی بڑی تباہی کے بعد بھی حکمران سنگدلی کا مظاہرہ کررہے ہیں، منورحسن
جنگ نیوز -
لاہور…امیر جماعت اسلامی سید منو ر حسن نے کہاہے اتنی بڑی تباہی کے بعد بھی حکمران سنگدلی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور لوٹ مار میں مصروف ہیں ۔ بیرون ملک سے ملنے والی امداد متاثرین تک نہیں پہنچ رہی۔وہ جامع منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب سے ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی کے ذمہ دار نااہل حکمران ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بارشوں اور سیلاب کے پیشگی خطرے سے آگاہ کرنے والے آلات موجود ہیں جن سے عوام کو سیلاب کے خطرات سے آگاہ کیا جاسکتا تھا لیکن مجرمانہ بے حسی کا مظاہرہ کرکے عوام کو سیلاب کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔سید منورحسن نے کہا کہ عوام نے جنہیں ووٹ دے کر منتخب کیاہے اب وہ ان کا محاسبہ بھی کریں۔ انکا کہنا تھا کہ آزمائش اتنی بڑی اور تباہی اتنی زیادہ ہے کہ پوری قوم کو متحد ہو کر متاثرین کی امداد کرنی چاہیے لیکن بنیادی ذمہ داری تو حکومتوں کی ہوتی ہے جو عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر بر سر اقتدار آتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی مصیبت میں بھی بیرون ملک سے آنے والی امداد میں خورد برد کی جارہی ہے۔