5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
جمالی خود کو وزیراعظم نہ سمجھیں،سیلاب میں سب کے مکانات ڈوبے ،قائم علیشاہ
جنگ نیوز -
کراچی…وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ میر ظفر اللہ جمالی اپنے آپ کو وزیر اعظم نہ سمجھیں، سیلاب میں غریبوں اور امیروں سب ہی کے مکانات ڈوبے،لیکن ان کی جائداد تو محفوظ ہے۔یہ بات انھوں نے رزاق آباد کراچی میں سیلاب متاثرین کے کیمپ کے دورہ کے موقع پر کہی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سیلاب متاثرین کے مسائل سنے اور ریلیف کے کاموں میں پیش رفت کی ہدایات دیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے سیلاب متاثرین کے ہر گھرانے کودودو کمروں کے مکان اور 20 ہزار روپے نقددیے جائیں گے۔۔صحافیوں سے گفت گو میں جب وزیراعلیٰ سندھ سے پوچھا گیا کہ میر ظفر اللہ خان جمالی الزام لگاتے ہیں کہ سندھ کے بعض جاگیرداروں نے اپنی زمنیں بچانے کے لئے سیلاب کا رخ بلوچستان کی طرف موڑ دیا تو انھوں نے جواب دیاکہ میر ظفر اللہ خان جمالی اپنے آپ کو وزیر اعظم نہ سمجھیں۔۔