5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیاسی جماعتیں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے متحرک ہوں،مشاہدحسین
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاکستان مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں سیاست کرنے کے بجائے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک ہوجائیں ۔ موجودہ حکومت کی ساکھ اچھی نہ ہونے کی وجہ سے بیرونی امداد نہیں آرہی ۔مسلم لیگ ہاؤس میں رکن قومی اسمبلی امیر مقام کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں مشاہد حسن نے کہا کہ مسلم لیگ ق چھ ماہ کے لئے سیز فائرکرتے ہو ئے اپنی تمام توجہ اور سرگرمیاں سیلاب زدگان کی امداد پر صرف کرے گی ۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی ساکھ اچھی نہ ہونے کی وجہ سے بیرونی امداد نہیں آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمیشن،کونسل اورکمیٹیوں کا قیام عوام کو دھوکا دینے کے لیے ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق امدادی سامان کے25 ٹرک متاثرہ علاقوں میں بھجواچکی ہے اور مزید بھجوائے جارہے ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ڈونرز کانفرنس کا انعقاد درست نہیں ،اس کا انعقاد مرکزی حکومت کی جانب سے ہو نا چاہیے تھا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اے این پی پختونوں کے قتل اور بدترین کرپشن میں ملوث ہے ۔