5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سیلاب سے ٹیلی کام سیکٹرکو ایک ارب87 کروڑ روپے کا نقصان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سیلاب سے متاثر خیبر پختونخوا، گلگت، بلتستان اورآزاد جموں کشمیر میں ٹیلی کام سیکٹر کا ایک ارب87 کروڑ روپے کا نقصان ہوا جبکہ پنجاب اور سندھ میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام ذرائع نے جیو نیوز کو بتایاکہ پی ٹی سی ایل کا ابتدائی نقصانات کا تخمینہ16 کروڑ 43 لاکھ روپے ہے۔اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشنSCO کو آزاد جموں کشمیر میں 8 کروڑ 91 لاکھ جبکہ گلگت بلتستان میں9 کروڑ32 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ کوہ سلیمان سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ملٹی نیٹ کا60 کروڑ روپے کا ٹیلی کام انفراسٹرکچرمتاثر ہوا ہے۔ ابتدائی تخمینے کے تحت یو فون کو 4 کروڑ 97 لاکھ، زونگ کو23 کروڑ 63 لاکھ، وارد کو11 کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی نار کو43 کروڑ 86 لاکھ اور موبی لنک کو9 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔