5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستان کو کئی برسوں تک امداد کی ضرورت رہے گی،بان کی مون
جنگ نیوز -
نیویارک. . . .. .. .. . اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے کہا ہے کہ سیلاب سے تباہ حال پاکستان کو کئی برسوں تک امداد کی ضرورت رہے گی۔ عالمی برادری تعاون جاری رکھے۔ اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر کے مطابق مزید امدادی رقم کیلئے ایک اور اپیل جلد کی جائے گی۔اپنے ایک بیان میں بانکی مون نے اضافی رقم فراہم کرنے کے وعدے پر رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے لاکھوں متاثرین کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی آسکے گی۔ رکن ممالک مزید تعاون کریں کیونکہ پاکستان کو ابھی مزید کئی سال تک مدد کی ضرورت ہوگی۔ اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر جان ہومز نے برطانوی خبر ایجنسی کو بتایا کہ متاثرین کی تین ماہ کی امداد کی اپیل پر رقم موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی ادارہ اب چھ ماہ کے اخراجات کیلئے ایک اور اپیل کریگا۔ جبکہ تعمیر نو کیلئے تخمینہ سامنے آنے کے بعدایک اور کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔ جس کے ذریعے اربوں ڈالر ملنے کی امید ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب حسین ہارون کے مطابق بدترین سیلاب سے مرنے والوں کی صحیح تعداد ابھی سامنے آنا باقی ہے۔ کئی متاثرہ علاقوں میں رسائی نہ ہونے کے سبب ہلاکتوں کی درست تعداد کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔سیلاب زدگان کیلئے امداد کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوام متحدہ میں بھارت کے نمائندے ہردیپ سنگھ پوری نے جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں بتایا کہ پچاس لاکھ ڈالر مالیت کا امدادی سامان جلد پاکستانی حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔ امداد کی ترسیل پاک بھارت سرحد کے ذریعے ہوگی تاکہ وقت بچایا جاسکے۔ انھوں نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستانی ہم منصب یوسف رضا گیلانی کو فون کرکے درمیانی اور طویل مدت کے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ نیٹو نے مختلف ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے دیے جانے والے امدادی سامان کی فضائی اور بحری جہازوں کے ذریعے ترسیل کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیٹو کا ایک کارگو طیارہ یورپی ملک سلوواکیا کی جانب سے عطیہ کیا گیا امدادی سامان لے کر اتوار کو جرمنی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا۔