5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
امریکی قونصل جنرل کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات
جنگ نیوز -
لندن…اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے قونصلر برائے سیاسی امور اور لاہور میں سابق امریکی قونصل جنرل مسٹر برائن ڈی ہنٹ (Bryan D. Hunt) نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کی ۔یہ ملاقات تین گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہی جس کے دوران پاکستان میں سیلاب کی تباہ کن صورتحال ، سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو درپیش مسائل، پاک امریکہ تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مسلح افواج کے کردار، امدادی سرگرمیوں میں بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی کے نقصانات اور پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایم کیو ایم کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں الطاف حسین نے کہاکہ اس وقت پاکستان اور اس کے عوا م کو سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے ، ہزاروں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اورکروڑوں افراد گھر سے بے گھرہوکر بھوک ، افلاس اور کسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں اور سیلابی پانی پینے پر مجبور ہیں جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے اوربڑے پیمانے پر جانی نقصانات کا خدشہ ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے اور دنیا کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج اور شہریوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں لہٰذا مغربی ممالک بالخصوص امریکہ کو پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے ۔ اسی طرح سیلاب زدگان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ، ان کی بحالی اور امداد کیلئے جس طرح مسلح افواج کے جوان اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر کردار اد اکررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری بالخصوص امریکہ کو چاہئے کہ وہ آزمائش اور مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کے مصیبت زدہ خاندانوں کی بڑھ چڑھ امداد کر یں تاکہ متاثرین کو روزمرہ استعمال کی غذائی اجناس ، صاف پانی اور وبائی امراض سے بچاوٴ کی ادویات فراہم کرکے لاکھوں انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے امریکی سینیٹ اور کانگریس کے ارکان پر زوردیا کہ اس وقت پاکستان پرسخت امتحان کی گھڑی ہے اور پاکستان کو لاکھوں شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے امریکی امداد کی اشد ضرورت ہے لہٰذا سیلاب زدگان کیلئے دی جانے والی امداد کو کیری لوگر بل سے مشروط نہ کیا جائے ۔مسٹر برائن ہنٹ کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اگرآج بلدیاتی نظام بحال ہوتا تو نہ صرف عوام کے منتخب نمائندے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بھرپورمدد کرنے کے قابل ہوتے بلکہ پاکستان اور اس کے عوام کواتنی بڑی تعداد میں شدید جانی ومالی نقصانات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔جناب الطاف حسین نے بعض علاقائی امور کے بارے میں امریکہ کی دوہری اورجانبدارانہ پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ امریکہ کوعلاقائی امور کے بارے میں حقیقت پسندانہ طرزعمل اختیار کرنا چاہئے ۔