5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستان کی ضروریات ختم نہیں ہوئیں،کئی سال مدد درکار ہوگی،بان کی مون
جنگ نیوز -
نیویارک ... اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے ہنگامی امداد کی اپیل پر لبیک کہنے پر عالمی برادری کے جذبے کو سراہتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی ضروریات ختم نہیں ہوئیں۔ کئی سال تک مدد درکار ہوگی۔ اُدھر عالمی ادرارہ صحت نے کہا ہے کہ امداد پہنچانے کیلئے مزید چالیس ہیلی کاپٹرکی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ ڈیٹا بیس کے مطابق پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے اب تک مجموعی طور پر انچاس کروڑ ڈالر کے عطیات جمع ہوچکے جو مختلف ملکوں اور اداروں نے فراہم کیے ہیں۔ اس کے علاوہ تین کروڑ پچیس لاکھ ڈالر دینے کے وعدے بھی کیے گئے ہیں۔ عطیہ کی جانے والی کُل رقم کا نصف سے زیادہ اقوام متحدہ کی ہنگامی امداد کی اپیل کے ذریعے ملا ہے۔ جبکہ بقیہ رقم دو طرفہ امداد، خاص کر سعودی عرب اور دیگر رفاہی تنظیموں اور نجی اداروں کی جانب سے ملی ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے عالمی برادری کی جانب سے عطیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے خبرداربھی کیا ہے کہ پاکستان کو کئی برسوں تک امداد کی ضرورت رہے گی۔ مزید تعاون جاری رہنا چاہیے۔ ایک اندازے کے مطابق سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو تینتالیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق واشنگٹن میں اگلے ہفتے پاکستانی حکام سے ملاقات میں سیلاب سے معیشت کو پہنچنے والے بے پناہ نقصان کے اثرات کم کرنے کے طریقوں پر غور ہوگا۔ دو کروڑ متاثرین میں سے تقریبأ اسی لاکھ کو خوراک، سر چھپانے کی جگہ اور صاف پانی کی اشد ضرورت ہے۔ جبکہ متاثرہ افراد کو مختلف بیماریوں کا بھی سامنا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام، پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر وولف گینگ ہربِنجر کے مطابق سیلاب میں پھنسے لوگوں تک امداد پہنچانے کیلئے مزید چالیس ہیلی کاپٹروں کی ضرورت ہے۔