5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
جوہری تنازعہ،ایران کا چھ ملکی مذاکرات پر رضامندی کا اظہار
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی…نمائندہ جنگ…ایران نے طویل تعطل کے بعد ایک بار پھر ایٹمی معاملے پر امریکا ،برطانیہ ،فرانس ،چین ،روس اور جرمنی کے ساتھ مذاکرات پر رضامندی کا اعلان کردیا ہے، یہ اعلان ایران کے صدر احمدی نژاد نے جاپان کے مقبول ترین اخبا ر یاموری شمبن کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا ہے۔ جاپانی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اہم عالمی طاقتوں سے یہ مذاکرات فوری طور پر اگست کے آخر یا ستمبر کے شروع میں کرنے کو ترجیح دے گا ،جب کہ ایرانی صدر نے اقوام متحدہ کے مستقل ممبران اور جرمنی سے ہونے والے مذاکرات میں کسی بھی طرح کی پیشگی شرط عائد کرنے سے گریز کیا ہے جو ایران کی مذاکرات میں سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ایرانی صدر نے جاپان کی جانب سے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کیے جانے کے حوالے سے کہا کہ ایران جاپان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لہٰذا جاپانی پابندیوں کے باوجود ایران جاپان کوتیل کی فروخت جاری رکھے گا۔ ایرانی صدر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کو عالمی طاقتیں اگر نیوکلیئر فیول کی فراہمی کی ضمانت دیں تو ایران ملک کے اندر یورینیم کی افژودگی کو بھی روکنے پر غور کرسکتا ہے۔