5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پاکستان میں سرمایہ کاری،وزیر مملکت سلیم مانڈوی والا کا جاپان کا دورہ
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی/نمائندہ جنگ…پاکستان کے وزیر مملکت اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا اتوار کو جاپان کے تین روزہ دورے پر ٹوکیو پہنچ رہے ہیں، اپنے دورہ جاپان میں سلیم مانڈوی والا اعلی ٰجاپانی حکام سے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کے علاوہ جاپان کے معروف صنعتی اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔جاپان میں سلیم مانڈوی والا کی مصروفیات میں جاپان کی معروف آٹومیکر کمپنی یاماہا کے صدر سے ملاقات کو انتہائی اہمیت حاصل ہے جس میں سلیم مانڈوی والا یاماہا موٹرز کے صدر کو پاکستان کی آٹوموبائل پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دیں گے، جبکہ امید کی جا رہی ہے کہ اس ملاقات سے یاماہا کی پاکستان میں ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوجائیں گی اور توقع کے مطابق یاماہا اسی سال پاکستان میں موٹرسائیکل انڈسٹری میں سرمایہ کاری شروع کردے گا۔ جب کہ سلیم مانڈوی والا کی دوسری اہم ملاقات جاپان کی دنیا کی سب سے بڑی موبائل فون کمپنی این ٹی ٹی ڈوکومو کے سربراہ سے طے ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں این ٹی ٹی ڈوکومو نے پاکستان میں موبائل فون کے شعبے میں اپنی دل چسپی کا اظہار کیا تھا جسے پاکستان میں کافی سراہا گیا تھا۔ امید ہے کہ وزیر مملکت سلیم مانڈوی والا کی این ٹی ٹی ڈوکومو کے سربراہ سے ملاقات کے بعد پاکستانی میں جاپانی ٹیلی کام کمپنی کی سرمایہ کاری امکانات بڑھ جائیں گے۔ سلیم مانڈوی والا کے وفد میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ٹیکنیکل ایڈوائزر سید فیروز شاہ بھی شامل ہیں۔