5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ور اسٹائل بالی وڈ اداکار بومن ایرانی بزنس گیم شو کی میزبانی کریں گے
جنگ نیوز -
ممبئی…سینٹرل مانیٹرنگ…بالی وڈ کے دیگر اسٹارز کی دیکھا دیکھی اب وراسٹائل اداکار بومن ایرانی بھی نجی ٹی وی چینل کے شو کی میزبانی کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے بزنس گیم شو’دی پیچ‘ کی میزبانی کا فیصلہ کیا ہے۔بومن ایرانی کا کہنا ہے کہ وہ اس شو کا حصہ بننے پر بہت پُرجوش ہیں کیونکہ وہ خود بزنس کی پرموشن کرنے کے قائل ہیں۔’دی پیچ‘ کے ذریعے نہ صرف کاروبار چلانے کے بہترین آئیڈیاز سامنے آئیں گے بلکہ اس شو کو جیتنے والے کو بزنس ورلڈ میں اپنی ساکھ مضبوط کرنے کے لیے نئے آئیڈیاز بھی ملیں گے۔یہ شو بزنس نیوز چینل پر نشر کیا جائے گا جس میں اپنے کاروباری آئیڈیاز کے ساتھ 10امیدوار شرکت کریں گے۔ ان امیدواروں کو انڈیا کے بہترین بزنس لیڈرز راہوابجاج،کشور بیانی، نینا لل کدوی اور فلمساز کرن جوہر کی جانب سے دیے گئے چیلنجز کا سامنا ہوگا۔ ہر قسط میں چیلنج کو پورا نہ کرنے والا ایک امیدوار شو سے باہر ہوجائے گااور جیتنے والے امیدوار کو 5کروڑ روپے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرسکے۔بومن سے جب پوچھا گیا کہ اس شو کے ذریعے وہ کیسے تفریح پہنچائیں گے، تو انہوں نے جواب دیا کہ اس شو میں آپ لوگوں کو چیلنج کریں گے اور دیکھیں گے کہ وہ اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کیسے اسے پورا کرتے ہیں، یہ سب آپ اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دیکھیں گے اور یہی تفریح ہے ۔ بومن ایرانی کا مزید کہنا تھا کہ آپ دیکھیں گے کہ کیسے لوگ اپنا بزنس کرنے کا خواب کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے۔