تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45

پاکستان فوج کی جانب سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

جنگ نیوز -
راولپنڈی…پاک فوج کی جانب سے ملک کے طول وعرض میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے علاوہ انھیں اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات کا سامان پہنچایا جارہا ہے۔پاک آرمی کے سیلاب زدگان کے لئے لاہور میں لگائے گئے کیمپ سے اب تک19 کروڑ روپے مالیت کا2 ہزار2سو ٹن سامان سیلاب زدہ علاقوں میں بھجوایا جا چکا ہے،فورٹریس اسٹیڈیم لاہور سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے25 ٹرکوں کا قافلہ روانہ کیا گیا۔ سامان ڈیرہ غازی خانڈویژن اور اندرون سندھ بھجوایا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں ایک فیلڈ اسپتال بھی قائم کیا گیا ہے، گوٹھ مگسی، گڑی کرو اورکاندھا میں پاک فوج کے4 ہیلی کاپٹرز،16 کشتیاں اور ڈھائی ہزار جوان سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرین کو نکالنے میں مصروف ہیں ۔ اوستہ محمد میں امن امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے دو ہیلی کاپٹرز اور ایف سی کی ایک پلاٹون بھجوا دی گئی ہے ۔آرمی کی میڈیکل ٹیموں نے پنوں عاقل میں20 ہزار322 مریضوں اور کندھ کوٹ میں پانچ ہزار750 مریضوں کا علاج کیا ۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے گلگت، غزر اور چلاس سے متاثرہ افراد کو نکالا گیا جبکہ چترال کے متاثرین کو سی ون تھرٹی کے ذریعے سات ٹن سے زائد راشن مہیا کیا گیا ۔ پاکستان رینجرز نے بھی ایک کروڑ روپے مالیت کا امدادی سامان، دوائیں اور خوراک صوبہ خیبر پختونخوا میں متاثرین سیلاب کے لئے بھیجیں ۔پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں خصوصی میڈیکل کیمپ قائم کردیئے ہیں جہاں لیڈی ڈاکٹر اور میڈیکل طالبات متاثرہ خواتین کا علاج کر رہی ہیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.