5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے قوم اور عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا،منورحسن
جنگ نیوز -
کراچی…امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متاثرین سیلاب کے لیے اعلانات، وعدے اور دعویٰ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے پوری قوم اور عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔کراچی میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت اجتماعی توبہ و استغفار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کاکہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم اس وقت آزمائش میں ہے ۔وفاق سمیت صوبائی حکومتوں نے اطلاعات کے باوجود لوگوں کو سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کرنے کی زحمت تک گوارہ نہیں کی جس کی وجہ تباہی کے اسکیل میں اضافہ ہوا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اخلاص اور دیانت داری سے بھی کام کرے تو سیلاب کی تباہ کاری کا سامنا وہ اکیلے نہیں کرسکتی اس کے لیے پوری قوم اور عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔ منور حسن کاکہنا تھا کہ وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلانات، وعدے اور دعویٰ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام پوچھتے ہیں کہ سعودی حکومت کے ڈھائی ٹن کھجور اور خیبرپختونخواہ کے لیے دیئے جانے والے ڈھائی لاکھ خیمے کہاں گئے۔ منور حسن کا کہنا تھا کہ گناہوں کی معافی کے لیے استغفار کیاجاتا ہے اسی طرح ظالم حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرنا اور احتجاج کرنا بھی توبہ استغفار کے زمرے میں آتا ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اسی کی ایما پر ہورہی ہے۔اس موقع پر متاثرین سیلاب کے لیے جماعت اسلامی ضلع وسطی کی جانب سے 50 لاکھ روپے چیک امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کو پیش کیا گیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے اجتماعی توبہ اور استغفار کی دعا کرائی ۔