5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پنجاب:سیلاب زدہ علاقوں میں پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، امراض میں اضافہ
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے اورصاف پانی کی عدم دستیابی کے سبب مختلف علاقوں میں تیزی سے پیٹ کے امراض پھیل رہے ہیں ۔راجن پور کے قصبہ شکارپور اور اس کے مضافاتی علاقے حفاظتی بندٹوٹنے سے زیر آب آگئے ہیں جبکہ تحصیل روجھان میں سیلابی پانی کی نکاسی آب کا ابھی تک کوئی مناسب انتظام نہیں کیا جا سکا۔تونسہ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پیٹ کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ راجن پور اور ڈی جی خان اضلاع میں اب تک چار ہزار سے زائد افراد جلدی اور پیٹ کے امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ڈی جی خان کے قبائلی علاقوں کا آج ستائیس ویں روز بھی ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ جبکہ مظفر گڑھ میں سیلابی ریلا شہر سلطان کے مقام پر دریائے چناب میں تیزی سے داخل ہو رہا ہے جس کے باعث شہر سلطان کی آبادی کو لاحق خطرات کم ہوگئے ہیں ۔شہر سلطان کے مکینوں نے رات دریائے چناب پر واقع بند میں شگاف ڈال دیا جس کے باعث دریائے سندھ کا پانی تیزی سے دیائے چناب میں داخل ہو رہا ہے جس سے مظفر گڑھ کے علاقوں میں سیلابی پانی کی سطح میں کمی ہو رہی ہے۔دریائے راوی کے برساتی نالوں نالہ بئی اور نالہ ڈیک میں طغیانی کے بعد سیلابی پانی شکر گڑھ سے نارووال کے پچاس سے زائد دیہاتوں میں پانی داخل ہوگیا جس سے کئی سو ایکڑ فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔