5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
فوج بدعنوان سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کرے حمایت کرینگے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن …متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ کہ اگر پاکستان کے محب وطن جرنیل جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کے لئے مارشل لا کی طرز پر کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف کاروائی کریں تو ایم کیو ایم ان کے ساتھ ہے۔ یہ بات انھوں نے لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران کہی۔ الطاف حسین نے کہا کہ زلزلہ کے وقت بھی ہیلی کاپٹرز کی کمی کا رونا رویا گیا اور زلزلہ کے وقت ملنے والی امداد کہاں گئی،اسکا پتہ نہیں چلا۔ انھوں نے کہا کہ اپنی فصلوں کو بچانے کے لئے سیلاب کا رخ غریب عوام کی طرف موڑنے والے وڈیرے اور جاگیرداروں کے خلاف قتل و غارت کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ الطاف حسین نے کہا کہ جاگیردارانہ نظام نے کبھی بھی غریب اور متوست طبقہ کو سیاست میں آگے آنے نہیں دیا اور سیاسی اکابرین ملک کے ٹکرے ٹکرے کرنے پر تلے ہیں۔ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ ملک کو انقلاب فرانس کی ضرورت ہے اور ایم کیو ایم انقلاب فرانس کے طرز پر جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کو نشان عبرت بنائے گی۔ الطاف حسین نے کہا کہ امریکا اور روس کی جنگ کے دوران مذہبی جماعتوں اور فوجی جرنیلوں کی جیبوں میں ڈالر ڈالے گئے جبکہ لاوارث مجاہدین طالبان کا ایندھن بن رہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ امریکی صدر اوبامہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں اور جاگیرداروں کی حمایت کے بجائے عوام کا ساتھ دیں۔