5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
عدالتی ٹرائل کے بغیر لوگوں کی ہلاکت پنجاب میں عام ہے،پر ویز الٰہی
جنگ نیوز -
لاہور… پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی راہنما چودھری پرویزالٰہی نے سانحہ سیالکوٹ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل انکوائری کی ابتدا پنجاب باالخصوص گوجرانوالہ ڈویژن میں عدالتی ٹرائل کے بغیر پولیس مقابلوں میں لوگوں کو ہلاک کرنے کے بعد لاشوں کی سرعام بے حرمتی اور اس بے حرمتی کی تشہیر کی بنیاد ڈالنے والوں سے ہونی چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف نے پہلی بار وزیراعلیٰ بننے کے بعد ان پولیس مقابلوں کی بنیاد رکھی اور دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد بھی اپنی یہ عادت جاری رکھے ہوئے ہیں اور اعلیٰ پولیس افسروں کے تقرر سے قبل انٹرویو میں وزیراعلیٰ باقاعدہ پوچھتے ہیں کہ پولیس مقابلوں میں بندے مارنے کیلئے تیار ہو؟ ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی ٹرائل کے بغیر پولیس مقابلوں میں لوگوں کی ہلاکت پورے پنجاب میں عام ہے لیکن اس معاملہ میں گوجرانوالہ ڈویژن سرفہرست ہے جہاں پہلی بار ماورائے عدالت قتل کے بعد نعشوں کی بے حرمتی کے واقعات منظر عام پر آئے اور میڈیا، سول سوسائٹی اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اس کی پرزور مذمت اور احتجاج کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ ان کی آشیر باد سے پولیس کے زونل سربراہ اس کے حق میں دلائل دیتے رہے۔