5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
مائیکل جیکسن کے والدین میں60سال بعد علیحدگی کی خبریں
جنگ نیوز -
لاس اینجلس…سینٹرل مانیٹرنگ…آنجہانی پاپ اسٹار مائیکل جیکسن بیشک اس دنیا کو خیر باد کہہ چکے ہیں تاہم ان سے جڑی ہر چھوٹی بڑی خبر آج بھی اُن کے مداحوں کے لیے اتنی ہی اہمیت رکھتی ہے جتنی کہ ان کی وفات سے پہلے۔مائیکل جیکسن کے والدین 60سالہ شادی شدہ زندگی گزارنے کے بعد اب اپنے راستے جُدا کرنے جارہے ہیں اور تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ اس حوالے سے ان کی والدہ 80سالہ کیتھرین جیکسن نے طلاق کا دعویٰ بھی دائر کردیا ہے۔اس طلاق کے پیچھے بنیادی وجہ مائیکل کے والد جوزف جیکسن کی جانب سے کیتھرین پر لگائے جانے والے الزامات ہیں جن میں انہوں نے کیتھرین کو مائیکل کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ایک انٹرویو میں جوزف جیکسن کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی موت کی ذمہ دار کیتھرین ہیں کیونکہ انہوں نے کئی بار کیتھرین سے مائیکل کیساتھ جا کر رہنے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ مائیکل کو ذہنی تناؤ کے لمحات میں نشہ آور ادویات کے استعمال سے روک سکیں تاہم کیتھرین نے مائیکل کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی کی وجہ سے ایسا نہیں کیا۔جوزف کے انہی الزامات سے دلبرداشتہ کیتھرین اب اُن سے علیحدگی اختیار کرنے جارہی ہیں اور کیتھرین کی قریبی دوست کا کہنا ہے کہ انہوں نے جوزف کے ساتھ کئی سال گزار لیے ہیں اور پچھلے کئی برسوں سے وہ جوزف کی جانب سے ذلت بھی سہہ رہی ہیں لہٰذا اب وہ مزید برداشت نہیں کرسکتیں۔