5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ذوالفقار چیمہ تبدیل، طارق مسعود یاسین آر پی اوگوجرانوالہ مقرر
جنگ نیوز -
لاہور…آئی جی پولیس پنجاب طارق سلیم ڈوگرنے گوجرانوالہ کے ریجنل پولیس آفیسرذوالفقار چیمہ کو تبدیل کرکے ان کی جگہ طارق مسعود یاسین کو آر پی او مقرر کردیا ہے۔ذوالفقار چیمہ کو ڈی آئی جی ویلفیئرتعینات کردیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں تعینات نئے آر پی او طارق مسعود یاسین ڈی آئی ٹریفک لاہورکے عہدے پر کام کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ذوالفقار چیمہ کا تبادلہ سیالکوٹ میں دو بھائیوں کی تشدد سے ہلاکت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ذوالفقار چیمہ کے ایک بھائی جسٹس ریٹائرڈ افتخارچیمہ مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ ذوالفقار چیمہ کو گذشتہ عام انتخابات کے بعد پنجاب میں مسلم لیگ(ن)کی حکومت قائم ہونے کے فوری بعد گوجرانوالہ کا آر پی او تعینات کیا گیا تھا۔ ذوالفقار چیمہ پولیس مقابلوں کے ماہرمانے جاتے ہیں۔ ان کے دور میں گوجرانوالہ ڈویژن میں کئی پولیس مقابلے ہوئے جن میں ننھو گورایہ، عاصم وڈو، احمدی نت، کالا گجر، اسحاق کانا جیسے کئی بدنام زمانہ جرائم پیشہ افراد ہلاک کئے گئے۔ ان کے دور میں مقابلوں میں ہلاک کیے جانیوالے جرائم پیشہ افراد کی لاشیں جلوسوں کے ساتھ شہر میں گھمائی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کرنے پرکئی بار ذوالفقار چیمہ کی ستائش کرچکے ہیں۔