5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
ایم کیوایم یو کے کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان روانہ
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی اپیل پر پاکستان کی طرح برطانیہ میں بھی ایم کیوایم یوکے کے کارکنان اورفلاحی ادارہ SUN یعنی سوسائٹی فورانویل اینڈ نیڈی بھی پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان جمع کررہاہے ۔سن کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے لاکھوں روپے مالیت کاامدادی سامان گزشتہ روزپی آئی اے کے ذریعے کراچی روانہ کیاگیا۔امدادی سامان کی اس کھیپ میں غذائی اجناس، ادویات اور کپڑے شامل ہیں۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اورSUNکے ٹرسٹی سیدطارق میر، ٹرسٹی محترمہ ذکیہ ذبیری اورسن کے ٹرسٹی اور ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزرڈاکٹرسلیم دانش نے امدادی سامان کی یہ کھیپ پی آئی اے کارگوکے مین طارق حسین خان کے حوالے کی۔ امدادی سامان کی پاکستان روانگی کے موقع پر SUN کے رضاکار موجود تھے ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیدطارق میرنے کہاکہ پاکستان میں آنے والے قیامت خیزسیلاب کی وجہ سے شہرکے شہرتباہ ہوچکے ہیں، ہزاروں افرادجاں بحق اور لاکھوں افرادبے گھرہوچکے ہیں جوکسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی مددکیلئے نقدعطیات، ادویات، پینے کاصاف پانی اورغذائی اجناس جمع کرائیں۔ اس سلسلے میں SUNکے فون نمبر 0208-89599803 یاایم کیوایم یوکے کے آفس پر بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔