5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
برطانیہ کے ہوٹل میں کارپٹ کے بجائے اصلی گھاس کا دل کش استعمال
جنگ نیوز -
لندن . . . سینٹرل مانیٹرنگ . . . برطانیہ میں ایک مشہور ہوٹل چین کراؤن پلازا نے دماغ کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے اپنے ہوٹل کے میٹنگ رومز کی سجاوٹ میں ایک منفرد اور انوکھا اضافہ کیا ہے۔کراؤن پلازہ کے لندن ڈاک لینڈ،گلاسگو اور نارتھ ووڈ ہوٹل کے میٹنگ رومز میں کارپیٹ کی جگہ اصلی گھاس نے لے لی ہے جس کے پیچھے بنیادی وجہ روایتی آفسوں کے ماحول سے ہٹ کر کچھ نیا متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ وہاں موجود مہمانوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار لانا ہے۔کراؤن پلازہ کی انتظامیہ کی جانب سے یہ انوکھا سجاوٹی انداز اختیار کرنے کی وجہ ایک مطالعہ ہے جس کے مطابق 40فیصد پروفیشنلز ایک عام میٹنگ میں صرف بور اور غیر دلچسپ ماحول کی وجہ سے شروع کے20منٹ کے بعد ہی اکتاہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔اس لیے ہوٹل کی انتظامیہ کا ماننا ہے کہ یہ نیا اضافہ نا صرف میٹنگ کے لیے آنے والے مہمانوں کے ذہن میں نئے اور تعمیری خیالات پیدا کرنے کا سبب بنے گا بلکہ اردگرد کے ماحول سے ان کی دلچسپی بھی بڑھے گی۔