5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
پیپلز پارٹی کاہر کڑے وقت میں ساتھ دینگے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
کراچی…وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی مومنٹ کا اتحاد وزارتوں سے بڑھ کر ہے اور دونوں سیاسی قوتیں تمام سازشوں کو ناکام بنا تے ہوئے صوبے اور ملک کی خوشحالی کے لئے کام کرتی رہیں گی،انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا ،اس سے پہلے سید قائم علی شاہ نے ٹیلی فون پر الطاف حسین سے بات چیت کی ،الطاف حسین نے ان سے کہا کہ ایم کیو ایم ہر کڑے وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی ،اس اتحاد کے خلاف بہت سی سازشیں کی گئیں ہیں جنھیں مل کر ناکام بنائیں گے،بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے آصف علی زرداری کو صدراتی امیداوار نامزد کر کے ہماری سوچ کو عملی جامہ پہنایا ہے جبکہ سندھ اسمبلی میں پیش ہونے والی قرار داد کے موقع پر بھی ایم کیو ایم کا کردار نہایت اہم تھا،ایک سوال کے جواب میں بابر خان غوری نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے اور آصف زرداری پیپلز پارٹی سے پہلے ایم کیو ایم کے صدارتی امیدوار ہیں ۔